نیب خیبرپختونخوا،مختلف سرکاری افسران کیخلاف کرپشن تحقیقات کی منظوری

پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے مختلف سرکاری افسران کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کی جانب سے بدعنوانی اور مالی بے ضابطگیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپختونخوا فرمان اللہ خان کی زیرصدارت ریجنل بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کے افسران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ متعلقہ افسران پر خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آبادمیں کئی ملین روپےکی کرپشن کاالزام ہے۔
نیب اعلامیے کے مطابق اجلاس میں این اے 8 میں منظور نظر افراد کو ٹھیکے دینے کےالزام میں پی ڈبلیو ڈی اور پیسکو حکام کےخلاف بھی کرپشن کی انکوائری کی منظوری دی گئی۔ کالہ کلے میں غیرقانونی فروٹ منڈی بنانے پرٹی ایم اےکے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔
اس کے علاوہ کالام ایریا پراجیکٹ میں کرپشن پر محکمہ سیاحت کے خلاف اور چترال میں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کے معاملے پر بھی انکوائری کی منظوری دی گئی ہے