بنیادی سہولیات سے محروم ہزاروں پولنگ اسٹیشن غیرمحفوظ قرار

انتخابات 2018 میں پولنگ اسٹیشن میں سہولتوں کی فراہمی سے متعلق الیکشن کمیشن اپنے احکامات پرعمل درآمد کرانے میں ناکام ہوگیا ہے اور متعدد مرتبہ ہدایات کے باوجود صوبوں نے ای سی پی کے احکامات کو نظراندازکردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق عام انتخابات کے سلسلے میں ہزاروں ایسے پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جو پانی، بجلی اورچار دیواری سے محروم ہونے کے باعث غیرمحفوظ ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملک میں 4 ہزار9 سو 45 پولنگ اسٹیشنزپرمطلوبہ سہولیات موجود نہیں جس کے باعث انہیں حساس پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ ایسے پولنگ اسٹیشن ہے جن میں پانی، بجلی کی سہولیات اورچاردیواری تک موجود نہیں۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق سندھ کے 17 ہزار7 سو 47 پولنگ اسٹیشنز میں سے 3 ہزار6 سو88 پر یہ سہولیات ہی میسرنہیں جبکہ بلوچستان کے 4 ہزار4 سو20 میں سے 5 سو 76 پولنگ اسٹیشنزان سہولیات سے محروم ہیں۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں 12 ہزار6 سو34 میں سے 5 سو70 جبکہ پنجاب کے ایک سو7 پولنگ اسٹیشنزمطلوبہ معیار کے مطابق نہیں ،اسی طرح وفاقی دارالحکومت میں بھی 4 پولنگ اسٹیشنزپانی، بجلی اور چاردیواری سے محروم ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک بھرمیں قائم پولنگ اسٹیشنزکی چاردیواری کے ساتھ وہاں پانی، بجلی اوردیگر بنیادی ضروریات لازمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔