فخر سےکہتاہوں اگرموقع ملا کراچی اورپشاور کولاہور بنادوں گا،شہباز شریف

مینگورہ : مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتےہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے کہاکہ ہر جگہ جاتا ہوں اور فخر سے کہتاہوں کہ کراچی میں اگر موقع ملا تو کراچی کو لاہور بنادوں گا ،پشاور جاتاہوں اور کہتاہوں موقع ملا تو پشاور کو لاہور بنائوں گا، اس طرح جہاں بھی جاتاہوں لاہور جیسے شہر بنانے کا کہتاہوں لیکن کیا عمران خان یہ کہہ سکتےہیں کہ پشاور والو!موقع ملا تو کراچی اورپشاور کو لاہور کی طرح بنادوں گا؟۔ورکرز کنونشن سے خطاب کرتےہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہناتھاکہ ن لیگ کی حکومت نے 11 ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کی جبکہ دوسری جانب عمران خان نے خیبرپختونخوا میں منفی 8 میگاواٹ بجلی پیدا کی،2013 میں پی ٹی آئی کےچیرمین نےوعدہ کیاکہ پورےپاکستان کوبجلی مہیاکرونگالیکن انہوں نے وعدے پورے نہیں کیے۔شہباز شریف نے کہاکہ وعدہ کرتا ہوں الیکشن میں کامیاب ہوئےتو مالاکنڈ ڈویژن کا مجھ پرپہلا حق ہوگا۔صدر مسلم لیگ ن کا مزید کہناتھاکہ نوازشریف اپنی بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر بیٹی کے ساتھ پاکستان آئے، نواز شریف اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ عوام کیلئے واپس آئے.انہوں نے کہاکہ شاید کبھی دیکھا ہو ایک باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتار کیا جائے،جب بیٹی کو باپ کےسامنے گرفتار کیا جائےتو دل پر کیا گزرتی ہے.شہباز شریف نے کہاکہ 25 جولائی کونواز شریف کے شاہین فجرکی نماز کے بعد شیر پر ٹھپے لگائیں گےاور مسلم لیگ ن کو کامیاب بنائیں گے۔
اس سے قبل میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدراور پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی نگراں حکومت اور پی ٹی آئی میں کوئی فر ق نہیں ، وہ پی ٹی آئی کے اشاروں پر ناچ رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی آمد پر سیکڑوں بے گناہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ، کارکنوں پر دہشت گردی کی دفعات لگاد ی گئیں، ہماری ریلی میں ایک گملا تک نہيں ٹوٹا ، کسی گاڑی کو خراش تک نہیں آئی ۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں ہے دونوں ہی (ن) لیگ کے سیاسی حریف بنے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی کے احکامات کو بجا لاتے ہوئے ہی نگران پنجاب حکومت نے ہمارے رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف درجنوں مقدمات درج کئے، پنجاب کی نگراں حکومت پی ٹی آئی کو سپورٹ کررہی ہے اورالیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، خط لکھنے پر کاغذائی کارروائی ہوتی ہے، دوسری جانب نیب صرف اور صرف (ن) لیگ کو دیوار سے لگانےکے لیے کارروائیاں کررہا ہے۔
صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ہم نے تمام تر ناانصافیوں کے باوجود انتخابی مہم چلانے کی کوشش کی ہے، مجھے میاں مٹھو بننے کی عادت نہیں لیکن اگر صاف اور شفاف الیکشن ہونے پر مسلم لیگ ن جیتے گی، اور ویسے بھی اقوام عالم میں پاکستان کا نام بنانے کے لئے صاف اور شفاف الیکشن بے حد ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر فیئر اینڈ فری الیکشن ہوئے تو پنجا ب ، کے پی کے اور وفاق میں ہماری حکومت ہوگی ، اگلے پانچ سال میں پاکستان کو ترکی اور ملائیشیا کے ہم پلہ لانے کے لیے جان لڑادیں گے ۔