پیپلزپارٹی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق مظفرعلی شجرہ کے کالعدم تنظیموں سے روابط کا انکشاف ہوا تھا۔ پارٹی نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے اورکالعدم تنظیموں سے رابطہ رکھنے پرمظفرعلی شجرہ کو جماعت سے خارج کیا ہے۔
مرکزی میڈیا سیل کے مطابق مظفرعلی شجرہ کو اس لئے پارٹی سے نکالا گیا کیونکہ انہوں نے انتخابات میں کالعدم تنظیم کی حمایت حاصل کی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پرایک تصویر وائرل ہوئی تھی، جس میں پاکستان راہ حق پارٹی کے تحت عوام دوست گروپ کے پلیٹ فارم سے متفقہ امیدوارسامنے آئے تھے۔
ان امیدواروں میں کالعدم اہل سنت والجماعت کے اورنگزیب فاروقی قومی اسمبلی کی نشست پر جبکہ مظفرعلی شجرہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر متفقہ امیدوار تھے۔
اس انتخابی پوسٹر کے مطابق این اے 238 پراورنگزیب فاروقی کا انتخابی نشان استری جبکہ پی ایس91 پرمظفرعلی شجرہ کا انتخابی نشان نلکا تھا۔
تاہم اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پرصارفین کی جانب سے پیپلزپارٹی کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اوراس پرکالعدم تنظیموں سے روابط کے الزام لگائے گئے تھے جس کے بعد پیپلزپارٹی نے فیصلہ کرتے ہوئے مظفرعلی شجرہ کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔