منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اورفریال تالپورمفرورقرار

کراچی: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے نے حسین لوائی اوردیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے چالان میں سابق صدرآصف زرداری اوران کی بہن فریال تالپور کو مفرور ملزم قرار دے دیا ہے۔

ایف آئی اے نے اربوں روپے کے منی لانڈرنگ کے مقدمے کا عبوری چالان سیشن جج جنوبی کی عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔

ایف آئی اے کے چالان میں نجی بینک کے چئیرمین حسین لوائی سمیت مجموعی طورپر20 افراد کو مفرورقراردیا گیا ہے۔

اس فہرست میں سابق صدرآصف زرداری اوران کی بہن فریال تالپورکا نام 19 اور20 ویں نمبرپرہے۔

حسین لوائی اوردیگر کے خلاف درج مقدمے میں مفرورملزمان میں انور مجید اوران کے بیٹے کا نام بھی شامل ہے۔

ایف آئی اے حسین لوائی سمیت 32 افراد کے خلاف بے نامی اکاؤنٹس کی تحقیقات کرہی ہے۔ ان اکاؤنٹس کے ذریعے مبینہ طورپراربوں روپے کی ٹرانسیکشن ہوئیں ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع بتاتے ہیں کہ یہ اکاؤنٹس 2014 میں چند ماہ کے لئے کھولے گئے تھے،ان اکاؤنٹس کی تحقیقات 2015 میں شروع ہوئی تھی تاہم دباؤ کے باعث ایف آئی اے نے یہ تحقیقات روک دی تھی۔

ان بینک اکاؤنٹس میں اربوں روپے کی ٹرانسیکشنز ہوئیں، ایک دوسرے بینک کے اکاؤنٹ میں ایکویٹی کی خاطر اربوں روپے بھی بھیجے گئے، بینک اکاؤنٹس مختلف لوگوں کے نام پرجعلی کاغذات پرکھولے گئے،ان افراد سے جب تحقیقات ہوئی توانہوں نے ان اکاؤنٹس سے لاتعلقی ظاہر کی۔