کمال ہوگیا ! روبوٹ اب تصاویربھی بنانے لگے

آپ نے سنا اوردیکھا ہوگا کہ روبوٹ کھانے پکا لیتا ہے ، برتن دھودیتا ہے اورمحافظ کے طورپربھی خدمات فراہم کرتا ہے لیکن یہ جان کر آپ کو حیرت ہوگی کہ روبوٹ اب مصور بھی بن گئے ہیں ۔

جی ہاں اب روبوٹ باقاعدہ مصوری کے ماہرہوگئے ہیں اوراس ضمن میں روبوٹ نے مصوری اورپینٹنگز کے شاہکار بناکر دنیا بھر سے داد اورانعام بھی وصول کئے ہیں۔

کئی برس قبل اسٹینفرڈ کے ایک انجینئراینڈریوکونریو نے روبوٹ کو یہ فن مصنوعی ذہانت ، نیورل نیٹ ورک اورفیٹ بیک لوپس کے ذریعے سکھایا اوراب یہ ایک بین الاقوامی مقابلہ بن چکا ہے۔

2018 کے روبوٹ مصوری کے مقابلے میں دنیا بھر سے 19 ٹیموں نے حصہ لیا اوراپنی جدت کے ذریعے روبوٹ سے حیرت انگیز تصاویر بنوائیں۔

بعض ماہرین نے ایسے روبوٹ بھی پیش کئے جو ماہرآرٹسٹ کی طرح کلائی اورہاتھ گھما کررنگ کا اسٹروک لگاتے ہیں جبکہ انہیں چلانے کے لئے جدید ترین الگورتھم اورسافٹ ویئربھی پیش کئے گئے تھے۔

بعض ایسے روبوٹس بھی رکھے گئے جو ایک وقت میں ایک سے زائد برش سے پینٹنگ کرتے نظرآئے اورماہرین یہ صلاحیت دیکھ کردنگ رہ گئے۔

اس ضمن میں پہلا انعام ایک مصور روبوٹ کلاؤڈ پینٹرکو دیا گیا جس نے ڈیپ نیورل نیٹ ورک اورجدید الگورتھم کے ذریعے ایک شاندار تصویربنائی جس کے کئی حصے ہیں۔

اس مقابلے میں عوام اورماہرمصوردونوں نے ہی اپنی اپنی رائے پیش کی جس کی بنیاد پراول نمبرپرآنے والے روبوٹ کی ٹیم کو 40 لاکھ ڈالر انعام پیش کیا گیا جبکہ 10 بہترین روبوٹس کو بھی اچھی خاصی رقم بطورانعام دی گئی۔

اول آنے والے کلاؤڈ پینٹر کو ایک امریکی انجینئر پنداروان ارمان نے بنایا تھا اوراس کا روبوٹ گزشتہ برس تیسرے نمبر پرآیا تھا۔