عام انتخابات کے لئے انتخابی مہم کا وقت ختم

 

کراچی :25 جولائی کو ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا ہے۔رات 12 بجتے ہی انتخابی نعروں، وعدوں، دلاسوں اور یقین دہانیوں کا وقت ختم ہو گیا اور سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی انتخابی مہم اختتام کو پہنچ گئیں۔

تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں نے بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلائیں اور اس دوران شرپسند عناصر نے دھماکوں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی تاہم کچھ نا خوشگوار واقعات کے باوجود عوام نے بھرپور طریقے سے انتخابی جلسے جلوسوں میں شرکت کی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 23 جولائی رات 12 بجے کے بعد انتخابی امیدوار یا سیاسی جماعت انتخابی مہم نہیں چلا سکیں گے۔ای سی پی کے مطابق اب کسی بھی امیدوار یا سیاسی جماعت کی جانب سے کارنر میٹنگ، ریلی اور جلسے کے انعقاد کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق اب سے سیاسی جماعتوں کی تشہیری مہم بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تصور ہوگی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ، 2 سال قید یا دونوں سزائیں ایک ساتھ ہوسکتی ہیں۔سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ 25 جولائی کو بلا خوف و خطر باہر نکلیں اور اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔

الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان اور افسران تعینات ہوں گے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ریٹرننگ افسران کی ذمہ داریاں نبھائیں گے جب کہ پاک فوج کے افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات بھی دیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اب سے سیاسی جماعتوں کی تشہیری مہم بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تصور ہوگی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ، 2 سال قید یا دونوں سزائیں ایک ساتھ ہوسکتی ہیں۔