لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عائد پابندی کے باوجود سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے ووٹرز کو گھر سے پولنگ اسٹیشن تک لانے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کو بک کروالیا ہے۔ لاہور میں 25 ہزار کے قریب رکشوں کی بکنگ جبکہ 4 ہزار ٹویوٹا اور پک اپ وین کی بکنگ کروائی گئی ہے۔
الیکشن کے دن جن علاقوں سے پولنگ اسٹیشن دور ہیں اور عوام کو آنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے جس کی وجہ سے ووٹرز کو آسانی سے پولنگ اسٹیشن پہنچانے کے لئے سیاسی امیدواروں کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم ام سال الیکشن کمیشن نے اس پر پابندی عائد کی تھی۔ لیکن الیکشن کمیشن کی پابندی کے باوجود امیدواروں نے پبلک ٹرانسپورٹ کی بکنگ کروائی ہے۔ ایسے میں ووٹرز کو پولنگ اسٹیشن سے دو سو میٹر دور اتارا جائے گا اور وہاں سے ووٹر پیدل پولنگ اسٹیشن تک پہنچے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کل لاہور سمیت مختلف اضلاع میں بارش کی بھی پیش گوئی کی ہے۔ ایسی صورت میں ووٹرز کا گھروں سے نکلنا مزید مشکل ہوجائے گا۔ بارش کی صورت میں ووٹرز کو لانے لیجانے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کیا جائے گا۔
چنگ چی رکشہ ایسوسی ایشن کے ایک رہنما نے بتایا کہ لاہورمیں اس وقت 51 ہزار سے زائد چنگ چی رکشے ہیں جن میں سے 25 ہزارکے قریب رکشوں کی بکنگ کروائی گئی ہے اسی طرح 4 ہزار سے زائد ٹویوٹا اورپک اپ وین بک کروائی گئی ہیں ۔