تحریک انصاف کیلئے خیبر پختون میں حکومت بنانا مشکل ہوگا :تجزیہ کار

پشاور:تجزیہ کار رحیم اللہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ خیبر پختون میں تحریک انصاف کے لئے حکومت بنانا مشکل ہوگا ،کے پی کے میں کوئی جماعت پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی ۔

نجی ٹی وی کی خصوصی انتخابی ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے رحیم اللہ یوسف زئی نے کہا کہ تحریک انصاف کیلئے کے پی کے میں حکومت بنانا مشکل ہوگا ۔ پہلے بھی تحریک انصا ف نے مخلوط حکومت بنائی تھی لیکن اب ان کے ساتھ کوئی اتحادی جماعت نہیں ہے اور الیکشن کے بعد بھی کوئی جماعت تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی بلکہ مخالف جماعتیں تحریک انصاف کے خلاف اکٹھی ہو جائیں گی ۔ تحریک انصاف کو چیلنج اندر سے درپیش ہے جن لوگوں کو ٹکٹ نہیں ملے وہ آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ تحریک انصا ف کے پی کے میں ایک بڑی پارٹی ہے اور وہ الیکشن میں کامیابی بھی اسی لحاظ سے حاصل کرے گی ۔ اس دفعہ اے این پی کی تیاری بھی بڑی بھرپور ہے ۔پیپلز پارٹی کے پاس ایسے امیدوار ہیں جو کے پی کے میں انتخابات جیت سکتے ہیں۔ ایم ایم اے کے ووٹ تقسیم نہیں ہونگے اور ان کے کچھ حلقوں میں کافی مضبوط امیدوار ہیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایم ایم اے 20سے 25سیٹیں حاصل کر سکتی ہے ۔