اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عمران خان، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، خواجہ آصف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے انتخابی عمل کی خلاف ورزی کا نوٹس لے لیا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا تو انہوں نے سیکریسی آف بیلٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں اور پولنگ عملے کے سامنے بیلٹ پیپر پرمہرلگائی اور ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا ٹاک بھی کی جس پرالیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کوووٹ کی رازداری نہ رکھنے پرنوٹس جاری کرتے ہوئے 30 جولائی کو طلب کرلیا۔
دوسری جانب انتخابی مہم کی مدت ختم ہونے کے بعد شہبازشریف اور خواجہ آصف کی ٹی وی شو میں گفتگو کا بھی نوٹس لیا ہے جبکہ متعلقہ ٹی وی چینلز کو بھی نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق یہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام چینلز کو بھی ہدایت کی ہے کہ ایسی خلاف ورزی سے اجتناب کریں ،خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔