نیا سسٹم اورموسم کی خرابی نتائج میں تاخیر کا سبب بنی۔ چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد:چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نےمعذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی نتائج میں تاخیر کا سبب نیا سسٹم تھا جس میں تکنیکی دشواریاں پیدا ہوئیں اور موسم کی خراب صورتحال کے علاوہ سیکیورٹی بنیادوں پر تمام پریذائیڈنگ افسران کو کانوائے کی صورت میں لانا بھی تاخیر کی ایک وجہ تھی۔

 

رات گئے پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے پہلے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کا اعلان کیا اوربتایا کہ پی پی 11 راولپنڈی سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے قوم کو مبارکباد دیتے اور پرامن انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے منفی پروپیگنڈے کو بالائے طاق رکھتے ہوئے حق رائے دہی استعمال کیاجو خوش آئند ہے،انہوں نے چیف جسٹس سمیت تمام صوبائی چیف جسٹسز کا بھی شکریہ اداجنہوں نے ان کی سفارش پر اسٹاف فراہم کیا۔

چیف الیکشن کمیشنر نے کہا کہ آراوز اور ڈی آراوز نے انتہائی اچھے طریقے سے فرائض انجام دیئے۔سیکیوریٹی اداروں اورپولیس وانتظامیہ نےبھی پرامن انتخابات یقینی بنانے میں اہم کردار اداکیا۔

انہوں نے دہشت گردی میں شہید ہونے والے بیرسٹر ہارون بلور، سراج رئیسانی، اکرام اللہ خان گنڈاپور اور دیگر تمام شہداخصوصاً پاک فوج اور پولیس کے شہداکے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار بھی کیا اور شہداکے بلند درجات کیلئے دعا کی۔