ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے،امریکا

واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کانگریس کے اجلاس میں اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران یورینیم افزودگی کی مقداربڑھا رہا ہے مگر ہم ایران کو کسی صورت میں جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کانگریس کے اجلاس میں کہا ہے کہ یورینیم افزودگی کی مقدار میں اضافے کے حوالے سے ایرانی رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ایران کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے ہرصورت میں روکیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ایران کو بھی ہمارے عزم کا اندازہ ہے کہ امریکا تہران کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
مائیک پومپوی نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اچھی طرح معلوم ہے کہ انہیں ملک کو درپیش چیلنجز سے کیسے نمٹنا ہے۔
روسی کی طرف سے امریکی صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت کے بارے میں بات کرتے ہوئے مائیک پومپیو نے کہا کہ میں نے ذاتی طورپر روس کو امریکی انتخابات میں مداخلت پر خبردار کیا تھاکہ ہمارے جمہوری عمل میں مداخلت کے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گیند اب روس کے کورٹ میں ہے۔ امریکہ نے اپنے حصے کا کام کردیا ہے۔