پنجاب کے 5 آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شمولیت کیلئے تیار

لاہور: صوبہ پنجاب میں حکومت سازی کے لئے تحریک انصاف متحرک ہوگئی۔ عام انتخابات فتح حاصل کرنے والے 5 آزاد امیدوار آج چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گے اور شمولیت کا اعلان کریں گے۔
صوبہ پنجاب میں حکومت بنانے کے لئے مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کی جانب سے آزاد امیدواروں سے رابطے تیز کردیئے ہیں۔
اس حوالے سے جہانگیر ترین اور علیم خان گزشتہ رات خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان پہنچے جہاں انہوں نے ملتان کے صوبائی حلقہ پی پی 217 پر شاہ محمود قریشی کو شکست دینے والے امیدوار سلمان نعیم سے ملاقات کی اور انہیں پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی۔

اس کے علاوہ آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے ڈی جی خان کے حنیف پتافی، لیہ سے رفاقت گیلانی، خانیوال سے حسین جہانیاں گردیزی اور مظفر گڑھ سے عالمدار قریشی نے بھی جہانگیرترین اور علیم خان سے ملاقات کیں۔ تمام امیدواروں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو ان کی جماعت میں شمولیت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کےمطابق بعض امیدوار رات کو ہی جہانگیر ترین اور علیم خان کے ساتھ خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچے ہیں جہاں وہ بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔