لاہور:امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آج 29 جولائی کو صبح 10بجے منصورہ لاہور میں طلب کرلیاہے ۔جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے مطابق اجلاس میں موجودہ ملکی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور انتخابی نتائج اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ حالیہ الیکشن میں متحدہ مجلس عمل کی بدترین شکست پر جماعت اسلامی کے کارکنان انتہائی دلبرداشتہ ہیں اور خیبرپختون میں جمعیت علمائے اسلام ف کے ساتھ ہونے والے اتحاد پر تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔
متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے گزشتہ روز اسلام آباد کی اے پی سی میں اعلان کیا تھا کہ وہ الیکشن 2018 کالعدم کرانے کے لئے ملک بھر میں تحریک چلائیں گے ،اس اعلان پر بھی جماعت اسلامی شدید تحفظات کا شکار ہے کہ انہیں حالیہ الیکشن کے فوری بعد کسی تحریک کا حصہ بننا چاہئے یا نہیں ؟جماعت اسلامی کی مجلس عاملہ کے کل کے اجلاس میں اس حوالے سے حکومت مخالف تحریک کا حصہ بننے یا نہ بننے کے بارے اہم فیصلہ جات متوقع ہیں ۔