پولیس پر تشدد،تحریک انصاف کے نو منتخب ایم پی اےکی گرفتاری کا حکم

لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے تحریک انصاف کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی ندیم عباس بارا کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان نے پی ٹی آئی کے نو منتخب ایم پی اے ندیم عباس بارا کے ڈیرے پر ہوائی فائرنگ اور پولیس پرتشدد کا ازخود نوٹس لے لیا۔
آئی جی پنجاب سید کلیم امام اور دیگر افسران سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کے روبرو پیش ہوئے۔اس موقع پر آئی جی پنجاب نے بتایا کہ 50 افراد کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث 21 افراد کوگرفتارکر لیا گیا ہے جبکہ 28 ملزمان نامزد ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان نے معاملے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے تحریک انصاف کے نومنتخب ایم پی اے ندیم عباس بارا کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس کو 15 پر ہوائی فائرنگ کی کال موصول ہوئی جس پر ایس ایچ او ہنجروال رانا افضل اہلکاروں کے ہمراہ موقع پر پہنچا تو پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن پنجاب اسمبلی ندیم بارا اور ان کے ساتھیوں نے ایس ایچ او اور پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا اور وردیاں پھاڑ دیں