اسلام آباد: 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات پر تحفظات کے باوجود پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے اسمبلیوں سے حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے،اس کے علاوہ دونوں جماعتیں مل کر اے پی سی میں شامل دھڑوں کو حلف نہ اٹھانے کا فیصلہ واپس لینے پر قائل بھی کریں گی۔
کمیٹیوں کی سطح پر مذاکرات سے قبل شہباز شریف کی جانب سے پی پی رہنما خورشید شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا گیاجس میں کمیٹیوں کی سطح پر مذاکرات پر اتفاق کیا گیا۔
سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کیلئے قائم پیپلزپارٹی کی کمیٹی میں خورشید شاہ، نوید قمر، یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف شامل ہیں، جب کہ شیری رحمان اور قمر زمان کائرہ بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
خورشید شاہ کے مطابق ن لیگ کی کمیٹی شاہد خاقان عباسی، سعد رفیق اور ایاز صادق پر مشتمل ہوگی۔ آج دونوں کمیٹیوں کے ارکان ملاقات کے بعد مشترکا طور پر ایم ایم اے کی قیادت سے بھی روابط قائم کریں گے۔
ٹیلی فونک رابطے میں اسفندیار ولی، محمود اچکزئی اور فاروق ستار سے بھی ملاقات کا فیصلہ کیا گیا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ مل کر دیگر جماعتوں کو حلف نہ اٹھانے کا فیصلہ واپس لینے پر قائل کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں نے اتفاق کیا ہے کہ معاملات کو اسمبلیوں میں لے کر جائیں گے جب کہ دونوں جماعتوں کی مشترکہ کمیٹی آج سیاسی رہنماوں سے ملاقات بھی کرے گی۔
یاد رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف کو دیگر جماعتوں کے مقابلے میں واضح برتری حاصل ہے اور وہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔