نواز شریف کیخلاف 2 ریفرنسز کی سماعت یکم اگست تک ملتوی

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی گئی ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔ اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر اور نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے معاون وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔
جج محمد بشیر نے خواجہ حارث کے معاون سعد ہاشمی سے استفسار کیا کہ خواجہ حارث کب آئیں گے؟
جس پر معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ صاحب آرہے۔
جج محمد بشیر نے ریمارکس دیئے کہ خواجہ حارث کو بلالیں، پھر کارروائی آگے بڑھاتے ہیں، اس کے ساتھ ہی عدالت نے کیس کی سماعت میں کچھ دیر کا وقفہ کردیا۔
وقفے کے بعد جب سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو جج محمد بشیر نے سوال کیا کہ ہائی کورٹ میں آپ کی اپیل پر سماعت کب ہے؟ معاون وکیل نے بتایا کہ ہائی کورٹ میں سماعت کل ہوگی۔
جس پر جج محمد بشیر نے جواب دیا کہ کل دیکھ لیتے ہیں کہ ہائی کورٹ سے کیا ہدایات آتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے کیس کی سماعت یکم اگست تک کے لئے ملتوی کردی۔