کراچی: پیپلزپارٹی کی رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کا عبوری چالان عدالت میں چیلنج کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے۔ جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے عبوری چالان کو سندھ ہائی کورٹ میں میں چیلنج کردیا ہے۔
فریال تالپور نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہےکہ ایف آئی آر میں کسی قسم کی منی لانڈرنگ کا ذکر نہیں ہے۔ چالان میں میرا کوئی کردار واضح نہیں اور الزامات سے میرا کوئی تعلق نہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے دائر مقدمہ خارج کیا جائے، ایف آئی اے کے چالان کو غیر قانونی قرار دے کر معطل کیا جائے اور عدالت چالان پر حکم امتناع جاری کرکے کارروائی کرے۔