اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے چینی سفیر نے ملاقات کی اور عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤجنگ نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اور چین کی حکومت کی جانب سے الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد اور تہنیتی پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر جہانگیر ترین اور ڈاکٹر شہزاد وسیم بھی ملاقات میں موجود بھی تھے۔
چینی سفیر یاؤجنگ نے الیکشن میں کامیابی کے بعد عمران خان کی جانب سے کی گئی تقریر کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں کامیاب الیکشن کے ذریعے جمہوری عمل مکمل ہوا، اب نئی حکومت کے ساتھ چین مل کر کام کرے گا۔
اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی دنیا کے لئے ایک مثال ہے، حکومت میں آکر چین کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے اور خطے کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں بڑھائیں گے۔