ریحام خان کا انٹرویو کرنے والی امریکی صحافی کو شدید تنقید کا سامنا

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی خاتون صحافی ہناہ جونز کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کا انٹرویو کرنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والی صحافی ہناہ جونز نے ریحام خان کا انٹرویو ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ریحام خان سے انٹرویو کرنے کے بعد لوگوں نے ان کے حوالے سے نازیبا زبان استعمال کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کے مخالفین اور نفرت انگیز زبان استعمال کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
ہناہ جونز نے ریحام خان کا انٹرویو کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’ریحام خان کو انٹرویو کے لیے اس لیے مدعو کیا گیا کیوں کہ وہ عمران خان کے بارے میں دلچسپ معلومات رکھتی ہیں، آزادی اظہار کو نفرت اور گندی زبان کے ذریعے خاموش کرنے کی کوشش کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے‘،
ہناہ جونز کی ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا پر بحث کا سلسلہ شروع ہوگیا اور انہیں تنقید و تضحیک کا نشانہ بنایا گیا، ساتھ ہی ان پر جانبداری کے الزامات بھی لگائے گئے۔