آر ٹی ایس سسٹم پی آ ئی ٹی بی نے نہیں نادرا نے بنایا: ڈاکٹر عمر سیف

 

لاہور : پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کیلئے استعمال ہونے والا ”آر ٹی ایس“ سسٹم الیکشن کمیشن نے نادرا کیساتھ مل کر بنایا۔عام انتخابات 2018ءکے نتائج میں تاخیر ہوئی تو الیکشن کمیشن نے آر ٹی ایس سسٹم کو بھی ایک وجہ قرار دیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر کہا جانے لگا کہ آر ٹی ایس سسٹم ڈاکٹر عمر سیف کی زیر نگرانی بنایا گیا تھا اور انہوں نے جان بوجھ کر ناصرف اس میں خامیاں چھوڑیں بلکہ الیکشن کے روز سروز میں بھی خرابی پیدا کی۔

چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمر سیف نے ان تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سسٹم نادرا اور الیکشن کمیشن نے مل کر بنایا تھا اور پی آئی ٹی بی کا اس کی تیاری‘ معاونت یا ہوسٹنگ میں ایک فیصد کردار بھی نہیں تھا۔نادرا اور الیکشن کمیشن کے درمیان آر ٹی ایس سسٹم کی تیاری کیلئے ایک معاہدہ ہوا تھا جس کی خبریں اور تصاویر 15 فروری 2018ءکو تمام اخبارات اور ٹی وی چینلوں نے نشر کی تھیں۔ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں کے آئی ٹی بورڈز سے اس سسٹم اور ایپ پر تجاویز مانگی تھیں جس پر ڈاکٹر عمر سیف نے پنجاب کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے 27فروری 2018 کوسیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور سسٹم میں ممکنہ خرابیوں اور کمزوریوں کے بارے میں الیکشن کمیشن کو پیشگی آگاہ کردیا تھا لیکن اس کا کوئی نوٹس نہ لیا گیا۔

پی آئی ٹی بی نے الیکشن کمیشن کو 5مارچ 2018ءکو تحریری طور پر بھی آگاہ کر دیا تھا کہ سسٹم کا آر کی ٹیکچر مضبوط بنیادوں پر قائم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا الیکشن کمیشن کو آر ٹی ایس سسٹم کی خرابی پر وضاحت دینی چاہیے تاکہ پی آئی ٹی بی کے خلاف جاری بے بنیاد پراپیگنڈے کا سدباب کیا جا سکے۔