پاکستان سپر باکسنگ لیگ کے لیےپہلی خاتون کھلاڑی منتخب

 

پشاور: پاکستان میں پہلی بار باکسنگ لیگ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں میں خاتون کھلاڑی اقصیٰ حسین کا انتخاب بھی کیا گیا ہے۔پشاور سے تعلق رکھنے والی 21 سالہ اقصیٰ حسین اعوان باکسنگ لیگ میں حصہ لینے والی پاکستان کی پہلی خاتون ہوں گی۔عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان رواں سال پاکستان میں سپر باکسنگ لیگ کا آغاز کرنے جا رہے ہیں جس کے حوالے سے پشاور میں ہونے والے ٹرائلز میں اقصیٰ حسین کا انتخاب کیا گیا ہے۔

باکسنگ کے علاوہ اقصیٰ جن خطرناک کھیلوں میں دلچسپی رکھتی ہیں ان میں جوڈو بھی شامل ہے، اقصیٰ حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین کے لیے باکسنگ کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے جوڈو کا انتخاب کیا جو بذات خود ایک خطرناک کھیل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہر شعبے میں خواتین کے لیے مواقع ہونے چاہئیں، اگر خواتین کو مواقع دیے جائیں تو جس طرح آج میں سامنے آئی ہوں اس طرح اور بہت سے شاندار کھلاڑی پیدا ہو سکتے ہیں۔