اسیر حریت خاتون رہنما آسیہ اندرابی کے گھر پر چھاپہ

 

سری نگر: بھارتی تفتیشی ادارے این آئی اے نے گزشتہ شب سری نگر میں آسیہ اندرابی کے گھر پر چھاپہ مارا اور اہل خانہ کو ہراساں کیا۔ آسیہ اندرابی کے شوہر ڈاکٹر محمد قاسم بھی پہلے سے حراست میں ہیں۔ این آئی اے کے اہل کاروں نے بچوں کو ڈرایا دھمکایا اور جاتے ہوئے اپنے ہمراہ کمپیوٹر، موبائل فونز اور چند دستاویزات بھی لے گئے۔

دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی کو رواں سال 23 مارچ کو پاکستان کا پرچم لہرانے کے جرم میں حراست میں لیا گیا تھا جب کہ اس ماہ انہیں دو خاتون ساتھیوں ناہیدہ نسرین اور صوفیہ فہمیدہ کے ہمراہ سری نگر جیل سے نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر منتقل کردیا گیا تھا جب کہ ان کا انٹرویو چھاپنے والے کشمیری صحافی کو بھی بھارت طلب کیا گیا تھا۔

تحریک حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے آسیہ اندرابی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار بھارتی تفتیشی ادارے این آئی اے کو سیاسی حربے کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ آسیہ اندرابی سمیت دختران ملت کی دو خاتون رہنماؤں کو فی الفور رہا کیا جائے۔