اسلام آباد کے نجی اسکولوں کو گرما تعطیلات کی فیس وصولی کی اجازت

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے نجی اسکولوں کو طلبا سے گرمیوں کی چھٹیوں میں فیس وصول کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

واضح رہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے 18 مئی کو نجی اسکولوں کو گرمیوں کی چھٹیوں میں فیس وصولی سے روک دیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کرکے معاملہ واپس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجوا دیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے بدھ کو نجی اسکولوں کو طلبا سے گرمیوں کی چھٹیوں میں فیس وصولی کیس کی ازسرنو سماعت کی۔

سماعت کے دوران عدالت عالیہ نے نجی اسکولوں کی جانب سے موسم گرما کی تعطیلات میں طلبا سے فیس وصولی کو درست قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں سندھ ہائی کورٹ نے بھی نجی اسکولوں کو فیسوں میں اضافے سے روکتے ہوئے صوبائی حکومت کو فیسوں میں اضافے کے لیے دوبارہ جائزہ لے کر قوانین بنانے کا حکم دیا تھا۔