علامہ خادم حسین رضوی(فائل فوٹو)
علامہ خادم حسین رضوی(فائل فوٹو)

الیکشن میں دھاندلی کیخلاف تحریک لبیک کا 6 اگست کو احتجاج کا اعلان

تحریک لبیک پاکستان کے ترجمان صاحبزادہ پیراعجازاشرفی نے کہا ہے الیکشن 2018 میں تاریخی دھاندلی کے خلاف 6 اگست کو احتجاجی مارچ کیا جائے گا جو تاریخ سازہوگا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 6 اگست کو دن 2 بجے تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان ریلی کی شکل میں داتا دربار پہنچ کر احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ احتجاجی مارچ کی قیادت سربراہ تحریک لبیک پاکستان علامہ خادم حسین رضوی اوردیگر رہنما کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے لاکھوں غیور پاکستانیوں نے علامہ خادم حسین رضوی کی قیادت پر جس اعتماد کا اظہار کیا وہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔

ترجمان تحریک لبیک پاکستان نے کہا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 دیئے بغیر پولنگ اسٹیشنز سے زبردستی نکالا گیا اور الیکشن کمیشن کے عملے کو دھمکیاں دی گئیں جو الیکشن کے غیرشفاف ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ ہمیں ملک بھر سے ایسے شواہد موصول ہوئے ہیں جس کی بنا پر کہا جاسکتا ہے کہ حالیہ انتخابات میں الیکشن کمیشن نے نہیں کرائے بلکہ عالمی طاقتوں کی ایما پرسلیکشن کی گئی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس سلیکشن کو تحریک لبیک پاکستان کے قائدین، علامہ خادم حسین رضوی، پیرمحمد افضل قادری اوردیگر نے یکسر مسترد کردیا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ کا لائحہ عمل 6 اگست کو اسمبلی حال کے سامنے پیش کریں گے۔