اثاثہ جات کیس،نیب نے امیر مقام کو طلب کرلیا

پشاور: نیب خیبر پختونخوا نےآمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر امیر مقام کو طلب کرلیا۔
نیب ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا نیب نے مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر کو 2 اگست کو نیب کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق نیب اس سے قبل دو بار امیرمقام کو طلب کرچکا ہے لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، تاہم اب انہیں تیسری مرتبہ طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے نیب کو درخواست دی گئی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ امیر مقام گزشتہ 15 برس سے وسیع کرپشن میں ملوث رہے ہیں لہٰذا ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا جائے۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے علاوہ سابق وزیرِاعلیٰ شہباز شریف، سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف اور سابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کے خلاف کرپشن کیسز پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔