اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے مرکز اور صوبوں میں حکومت بنانے کا دعویٰ سامنے آنے کے بعد اب تک پارٹی کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں وزرائے اعلیٰ کے لیے نام فائنل نہ ہوسکے۔
یاد رہے کہ 25جولائی کو ہونے والے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد پی ٹی آئی تاحال پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کے لیے کوئی امیدوار نامزد نہیں کر سکی، تاہم اس سلسلے میں پارٹی کے اندر بات چیت جاری ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت بنی گالا میں اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کے امیدواروں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی ، چوہدری سرور، شفقت محمود، نعیم الحق اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔
مشاورتی اجلاس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان وفاق، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت کی گئی، پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے پارٹی قیادت کو آزاد امیدواروں کے ساتھ جاری رابطوں میں پیش رفت سے آگاہ کیا تاہم صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ کے نام آج بھی فائنل نہ ہوسکے۔
پنجاب کی وزارت اعلی کے لئے تحریک انصاف کے 5 امیدوار علیم خان، فواد چوہدری ، یاسمین راشد، محمود الرشید اور میاں اسلم اقبال میدان میں ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں نئے وزیراعلی کے لئے عاطف خان، پرویز خٹک اور اسد قیصر کے نام زیرغور ہیں۔
ذرائع نےدعوی کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے گورنر کے لئے ارباب شہزاد کا نام فیورٹ ہے جب کہ بلوچستان کے گورنرکے لئے یارمحمدرند کے نام پر غور کیا جارہا ہے اور ممکنہ طور پر ان ناموں کا اعلان کل کردیا جائے گا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعا ت نعیم الحق کا کہنا ہے کہ آج وزرائے اعلیٰ کے ناموں کا فیصلہ ہوجائے گا۔ ذرائع کے مطابق پہلے پنجاب پھر خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلی کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ پنجاب کی وزارت اعلی کے لئے تحریک انصاف کے پانچ امیدوار میدان میں ہیں جن میں علیم خان، فواد چوہدری ، یاسمین راشد، محمود الرشید اور میاں اسلم اقبال شامل ہیں جب کہ خیبرپختونخوا سے عاطف خان، پرویز خٹک اور اسد قیصر شامل ہیں۔
نمبر گیم پر بات کرتے ہوئے فوادچوہدری نے کہا کہ ایم کیو ایم سے بات چل رہی ہے ،اختر مینگل گروپ کی شمولیت سے نمبر پورے ہو جائیں گے۔