فلپائنی حکومت نے ملک میں اسمگل شدہ گاڑیوں کیخلاف اقدام کرکے ایک شاندار مثال قائم کردی ہے جسے دیگر ممالک میں بھی سراہا جارہا ہے۔
فلپائن میں اسمگلنگ کے خلاف جاری کے دوران پکڑی گئی لاکھوں ڈالر مالیت کی درجنوں لگژری کاروں اورموٹر سائیکلوں پربلڈوزر چلاکر تباہ کردیا گیا ہے۔
یہ منظر دیکھنے کے لئے فلپائن کے صدر روڈریگو ڈیوٹرٹے بھی موجود تھے۔
فلپائنی صدر اس منظر سے بہت محظوظ ہوئے جس میں 75 لگژری کاروں سمیت مہنگی موٹرسائیکلوں کو تباہ کیا گیا۔
یہ سواریاں کسٹم حکام نے اسمگلروں سے ضبط کی تھیں۔ ان میں پورشے، لیمبورگینی، مسٹنگ اورہیوی بائکس شامل تھیں جن کی مالیت 67 لاکھ ڈالر سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔
اس موقع پرفلپائنی صدر نے خوشی اورمسرت کا اظہار کیا اورکہا کہ اگرچہ وہ ملک میں بدعنوانی کو مکمل طورپرختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے لیکن اسمگل شدہ گاڑیوں کو بلڈوزرسے تباہ کرنے کا عمل ان کے منصوبے کا اہم حصہ ہے۔
فلپائنی صدر نے کہا کہ انہوں نے غیرقانونی طورپرمنگوائی جانے والی ان قیمتی کاروں کو تباہ کیا ہے تاکہ دنیا کو پیغام دیا جاسکے کہ فلپائن سرمایہ کاری کے لئے ایک بہترین ملک ہے۔
فلپائنی حکام کے مطابق اب تک 800 اسمگل شدہ کاریں قبضے میں لی جاچکی ہیں۔
اس سے قبل فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں جیگوار، بی ایم ڈبلیو اور دیگراعلیٰ برانڈز کی درجنوں گاڑیوں کو اسی طرح بلڈوز کرکے تباہ کیا گیا تھا جن کی قیمت بھی لاکھوں ڈالرتھی۔