نواز،مریم اورصفدر سے اڈیالہ جیل میں مختلف شخصیات کی ملاقاتیں

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اورسابق وزیراعظم نوازشریف ، ان کی صاحبزادی مریم نوازاورداماد کیپٹن ( ر) صفدر سے اڈیالہ جیل میں کئی رہنماؤں نے ملاقات کی ہے ۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں نوازشریف ، ان کی صاحبزادی مریم نوازاورداماد کیپٹن ( ر) صفدرکو لوگوں سے ملاقات کے لیے کانفرنس روم منتقل کیا گیا جبکہ اسپتال سے واپسی کے بعد نوازشریف نے اپنی صاحبزادی اورداماد سے بھی آج ہی ملاقات کی۔

مسلم لیگ ن کے صدرشہبازشریف کی سربراہی میں خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف، سینیٹر پرویز رشید، مریم اورنگزیب، احسن اقبال، ایاز صادق اور سینیٹر مشاہد حسین سید نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں سابق وزیراعظم نوازشریف نے نارنجی رنگ کی شلوار قمیض پہن رکھی تھی اوروہ صحت مند اور پُرعزم دکھائی دے رہے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف نے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ آل پارٹیز کانفرنس میں بھرپورشرکت کریں اور ون پوائنٹ ایجنڈا اپنائیں، انہوں نےرہنماؤں کو ہدایت کی کہ دھونس، دھاندلی اوردباؤ کے خلاف احتجاج جاری رکھا جائے۔

ن لیگ کے رہنما مشاہد حسین سید نے نوازشریف سے گفتگو میں کہا کہ نئے پاکستان کا ٹیک آف چھانگا مانگا ایئرلائن سے ہو رہا ہے ۔

اس کے علاوہ ن لیگ کے رہنماؤں نے جیل میں مریم نواز سے بھی ملاقات کی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اورمریم نواز سے ملاقات کرنے والوں میں شہباز شریف ، سابق وزیرداخلہ احسن اقبال، سابق وزیردفاع خرم دستگیر، سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف ، سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل، اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق اورسینیٹر مشاہد حسین سید شامل تھے۔

اس کے علاوہ نواز شریف سے ملاقات کے لیے آنے والوں میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا ) کے سابق سربراہ ابصار عالم، راجا ظفرالحق، لاہور کے میئر کرنل ( ر) مبشرعالم، گجرات کے میئرحاجی ناصر، بہاولپور کے میئر عقیل انجم ہاشمی، سابق ایم پی اے طیبہ ضمیر بھی شامل تھیں۔

اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم سے ان کے قریبی ساتھی طارق فاطمی بھی اہلیہ کے ہمراہ تشریف لائے، اس کے علاوہ سابق وزیراطلاعات پرویز رشید، دانیال چوہدری، سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی، مفتی اسماعیل، چوہدری تنویر، حنا پرویزبٹ،علی رضا بلوچ،علی صفدر، مصدق ملک،عرفان صدیقی اوررانا جواد نے بھی ملاقات کی۔

جیل میں ملاقات کے لیے آنے والوں میں سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی شامل تھی، اس کے علاوہ چوہدری شاہد رضا، عباس آفریدی، شیخ آصف، حاجی ناصر،شیخ آصف، حاجی ناصر و دیگر بھی شامل تھے۔

جمعرات کو پمز ہسپتال کے ڈاکٹرامجد کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم نے بھی اڈیالہ جیل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے میاں نواز شریف کا طبی معائنہ کیا۔

واضح رہے کہ اڈیالہ جیل آنے والے مختلف لیگی رہنماؤں کو ابتدائی طورپرملاقات سے روکا گیا، تاہم کچھ افراد کو بعد میں ملنے کی اجازت دے دی گئی۔

دوسری جانب پولیس نے میڈیا کو سابق وزیراعظم نواز شریف اوردیگر سے ملاقات کے لیے آنے والے افراد کی کوریج سے بھی روک دیا۔

ایک پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ سی پی او عباس احسن نے میڈیا نمائندوں کو روکنے کے احکامات دیے ہیں اورانہوں نے کہا ہے کہ نوازشریف سے ملنے والوں کی میڈیا کوریج نہیں ہونا چاہیئے۔