نہ پروٹوکول لوں گا اور نہ کسی کو لینے دوں گا، عمران خان

بنی گالا: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وفاقی وزرا سمیت صوبائی وزرا کا پروٹوکول کم سے کم رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کا خود محافظ ہوں۔
تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی کے بعد حکومت سازی کے معاملے پر روز کی بنیاد پر مشاورتی اجلاس منعقد ہورہے ہیں جبکہ متوقع وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس میں نہیں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں نہیں رہیں گے تاہم منسٹر انکلیو کے اسپیکر ہاؤس میں قیام پر غور جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے وزیراعظم اور وفاقی وزرا سمیت صوبائی وزرا کا پروٹوکول کم سے کم رکھنے کی ہدایت کی ہے جبکہ تمام وزرا عمران خان کے بنائے گئے ایس او پیز کے پابند ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ خود پروٹوکول لوں گا اور نہ کسی کو لینے دوں گا ۔ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کا میں خود محافظ ہوں۔