دہشت گردی کے خلاف فضائیہ کا اہم کردار ہے، جنرل زبیر

 

راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں پاک فضائیہ نے اپنا کردار نبھایا ہے۔

 

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاکستان ایئر فورس ( پی اے ایف ) بیس بھولاری کا دورہ کیا، پی اے ایف بیس بھولاری پہنچنے پر ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے جنرل زبیر محمود حیات کا استقبال کیا۔

 

اس موقع پر جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ سے ہی ملکی دفاع میں ہراول دستے کا کام کرتی رہی ہے اور پاک فضائیہ نے ہر مشکل کی گھڑی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔جنرل زبیر محمود حیات نے پاکستان ایئر فورس کے زمینی اور فضائی عملے کے ساتھ ملاقات کی اور پاک فضائیہ کے جوانوں کے عزم اور پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف بھی کی۔