یونان میں پاکستانی شخص کے قتل کے الزام میں 8 افراد گرفتار

ایتھنز:یونانی پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر ہجرت کرنے والے پاکستانی شخص کا مبینہ طور پر قتل کرنے والے 8 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
واضح رہے کہ 23 جولائی کو یونان کی مقدونیہ سے ملنے والی شمالی سرحد پر 29 سالہ پاکستانی شخص کو نامعلوم افراد نے چھریوں کا وار کرکے قتل کردیا تھا۔قتل کا واقعہ اس وقت سامنے آیا جب پاکستانی شخص اپنے 3 ساتھیوں کے ہمراہ غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے تمام ملزمان مبینہ طور پر پاکستانی شخص کے قتل میں ملوث ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 6 افغان شہری اور دو پاکستانی افراد نے مبینہ طور پر سرحد پار کرنے والے چاروں افراد سے لوٹ مار کی تھی جس کے دوران انہوں نے 29 سالہ شخص پر چھریوں کے وار بھی کیے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ مقتول کی لاش ریلوے ٹریک کے قریب سے بر آمد ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ ہر ہفتے کئی سو غیر قانونی طور پر ہجرت کرنے والے افراد ترکی کے راستے یونان پہنچتے ہیں جس کے بعد وہ یونان کی غیر محفوظ شمالی سرحد سے یورپی ممالک کی طرف جاتے ہیں۔