انتخابی مہم پرکس نے کتنا خرچہ کیا ؟ تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات 2018 میں کامیاب تمام امیدواروں نے انتخابی اخراجات کے گوشوارے جمع کرادیئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ تمام امیدواروں نےانتخابی اخراجات کے اعداد و شمار مقررہ حد کے اندردیئے، جنرل نشستوں پرکامیاب امیدواروں نے10 سے 36 لاکھ روپے کے انتخابی اخراجات ظاہرکئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے لئے 40 لاکھ اورصوبائی اسمبلی کے لئے 20 لاکھ روپے کے اخراجات کی اجازت دی گئی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرا دی ہیں جس کے مطابق انہوں نے حلقے میں انتخابی مہم پر9 لاکھ 97 ہزار925 روپے خرچ کئے۔ اس کے علاوہ عمران خان نے اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 میں انتخابی مہم پر38 لاکھ 11 ہزار750 روپے خرچ کئے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدرشہبازشریف لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 132 سے کامیاب ہوئے ہیں، اس حلقے میں انہوں نے 19 لاکھ 34 ہزار447 روپے خرچ کئے، ریٹرننگ افسر کے سامنے جمع کرائی گئی تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے گاڑیوں میں ایندھن کی مد میں 6 لاکھ جبکہ اشتہاری مہم پر11 لاکھ روپے خرچ کئے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 200 سے کامیاب قرار دیئے گئے ہیں، انہوں نے اپنے وکیل آصف سومرو کے توسط سے ریٹرننگ افسر کے سامنے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرادی ہیں جس کے تحت انہوں نے حلقے میں 33 لاکھ 36 ہزار106 روپے خرچ کئے۔

آصف زرداری کی ہمشیرہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پرسندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 10 سے کامیاب قرار پائی ہیں، انہوں نے الیکشن مہم میں 18 لاکھ 26 ہزار روپے کے اخرجات ظاہرکئے ہیں۔

تقریباً 10 برس تک پنجاب کے وزیر قانون رہنے والے رانا ثنااللہ اس مرتبہ صوبائی اسمبلی کی نشست پرناکام ہوگئے تاہم قومی اسمبلی میں انہوں نے رسائی حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے ایم این اے کی نشست پر انتخابی اخرجات کی مد میں 32 لاکھ 25 ہزار روپے خرچ کئے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی جانب سے این اے 124 کے ریٹرنگ افسر کے روبرو انتخابی اخراجات کی جو تفصیلات جمع کروائی گئی ہیں ان کے مطابق انہوں نے 18 لاکھ 50 ہزار 625 روپے خرچ کیے۔

تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 سے کامیابی حاصل کی، انہوں نے اپنی انتخابی مہم میں 39 لاکھ 84 ہزار500 روپے کا خرچہ ظاہرکیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود نے انتخابی اخراجات کی مد میں 38 لاکھ 90 ہزار روپے خرچ کئے، ملک محمد ریاض نے ساڑھے 11 لاکھ روپے ، حماد اظہر نے 36 لاکھ 53 ہزار جبکہ کرامت علی کھوکھر نے ساڑھے 34 لاکھ روپے سے زائد خرچ کئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں کے متعدد امیدواروں کا کہنا ہے کہ ان کا انتخابات میں ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نومنتخب امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔