نقیب اللہ کیس، فریقین سے 20 اگست تک جواب طلب

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے نقیب اللہ قتل کیس دوسری عدالت منتقل کئے جانے سے متعلق فریقین سے 20 اگست تک جواب طلب کرلیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں نقیب اللہ قتل کیس کی دوسری عدالت منتقلی کے لئے محمد خان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
مقتول کے ولد محمد خان کے وکیل فیصل صدیقی نے موقف اختیار کیا کہ راؤ انوار سے عدالت میں ملزموں جیسا سلوک نہیں کیا جا رہا۔ عدالت میں درخواست زیر سماعت ہونے کے باوجود راؤ انوار کو ضمانتیں دیں۔ متعلقہ انسداد دہشت گردی عدالت جانبداری کا مظاہرہ کررہی ہے، متعلقہ عدالت پر اعتماد نہیں رہا۔ نقیب اللہ قتل کیس کسی دوسری عدالت میں منتقل کیا جائے۔
عدالت نے راؤ انوار، محکمہ داخلہ، پراسیکیوٹر جنرل اور دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے فریقین سے 20 اگست تک جواب طلب کرلیا۔