اسلام آباد:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کو امن اور ترقی کے نئے دور کی طرف لے جائیں گے، نوجوان قیادت متحد ہو کر تمام خطرات کو شکست دیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈایریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس پی آر کا دورہ کیا۔
اس موقع پرآرمی چیف نے آئی ایس پی آر میں انٹر نشپ مکمل کرنے والے طلباءکو مبار کباد دی ۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےکہاکہ پاکستانی نوجوان ذہین اور متحرک ہیں ،مجھے اپنی نوجوان نسل پر پورا اعتماد ہے۔
جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ ریاست دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے ،جنگوں کی بنیادی خدو خان بدل چکی ہے ،جدید جنگ میں دشمنوں کا ہدف نوجوان نسل ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان پُرعزم رہیں اور ایسے تمام خطرات کو شکست دیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ تعلیم کو ہماری قومی ترجیح ہونا چاہیے اور پاک آرمی اس قومی مقصد کے لیے مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہے بالخصوص بلوچستان میں۔