شہبازشریف وزیراعظم،حمزہ وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے ن لیگ کے امیدوار نامزد

لاہور: مسلم لیگ ن نے شہبازشریف کو وزیراعظم اور حمز شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کرنے پراتفاق کرلیا۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے وزارت عظمیٰ کیلئے شہبازشریف کے نام پراتفاق کرلیا، اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد نے وزیراعظم مسلم لیگ ن، اسپیکر قومی اسمبلی پیپلزپارٹی اور ڈپٹی سپیکر کا امیدوار متحدہ مجلس عمل سے لانے پر اتفاق کیا تھا، پاکستان پیپلز پارٹی نے اسپیکر کیلئے خورشید شاہ کے نام کا اعلان کیا ہے۔

ن لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کا امیدوارنامزد کیا گیا ہے ،8 اگست کواسلام آباد الیکشن کمیشن کے باہراحتجاج ہوگا، احتجاج میں(ن) لیگ کے تمام ٹکٹ ہولڈرشامل ہوں گے، الیکشن رزلٹ کوروکا گیا اورفارم 45 میں ردوبدل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ دیگر سیاسی جماعتوں کیساتھ جدوجہد جاری رکھے گی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں نمبرگیم حوصلہ افزاہے اورانشاءاللہ حکومت بنائیں گے، حمزہ شہبازشریف وزیراعلیٰ ہوں گے۔