اسلام آباد: پاکستان کے نگرں وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ ملک میں پانی کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے،جبکہ کالا باغ ڈیم سے متعلق صوبوں میں غلط فہمیاں ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس بریفنگ دیتےکے دوران کالا باغ ڈیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سے متعلق صوبوں میں غلط فہمیاں ہیں، جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں آبی بحران کے حل کے لیے 10 تجاویز زیر غور ہیںجبکہ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پانی کے استعمال میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
بھارت کی جانب سے کشن گنگا ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ نئی دہلی نے دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت دریائے جہلم، چناب اور سندھ پاکستان کے حصے میں آئے، لیکن بدقسمتی سے ہم معاہدے کے بعد صرف 2 ڈیم ہی بنا سکے۔