ن لیگ کی مجلس عاملہ نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کاامیدوارنامزدکردیا

مسلم لیگ ن کی مجلس عاملہ نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کرنے کی منظوری دیدی۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ کی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہاکہ اجلاس میں انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن کی کوتاہیوں اور نااہلی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ انتخابی دھاندلی کے خلاف 8 اگست کو ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں پر مشتمل پاکستان الائنس فار فری اینڈ فیئر الیکشن کی جانب سے ای سی پی کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گااجلاس میں دوران فیصلہ ہوا کہ آنے والی حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائےگا جب کہ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے انتخابات سے متعلق وائٹ پیپر جلد تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ن لیگ کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں میڈیا پر جبری سینسر شپ پر بھی تفصیلی بحث کی گئی اور آزاد صحافت کا گلہ گھونٹنے کی شدید مذمت کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے حلقے کھولنے کی بڑھک مار کر پھر یوٹرن لے لیا ہے، پہلے عمران خان جھوٹے تھے اب وہ ووٹ چور بن چکے ہیں۔
پنجاب میں حکومت سازی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن نمبر گیم میں آگے جانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن ہم تحریک انصاف کی طرح آزاد امیدواروں کو خریدیں گے نہیں۔