گلگت: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ مجاہدین داعش نامی گروپ نے ضلع دیامر کے 13 اسکول جلانے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت دہشت گردوں کا قبر تک پیچھا کرے گی جبکہ تمام اسکولوں کو 14 اگست تک فعال کر کے دشمنوں کے عزائم ناکام بنا دیں گے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے بتایا کہ پولیس کے ساتھ مقابلے میں مارا جانے والا دہشت گرد کمانڈر شفیق کئی مقدمات میں مطلوب تھا، اسکول جلانے کے واقعات میں 60 سے 70 لوگ ملوث ہیں، ایسا آپریشن کر رہے ہیں کہ جلد از جلد تمام دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
حکومت گلگت بلتستان کے ترجمان فیض اللہ فراق کا کہنا تھا کہ علم دشمن سوچ کو تعلیمی ادارے بنا کر شکست دیں گے، داریل اور تانگیر میں جزوی آپریشن جاری ہے تاہم اب علاقے میں حالات معمول پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان دیامر کا دورہ کریں گے اور وہاں مزید تعلیمی اداروں کے قیام کا اعلان کریں گے۔