اسلام آباد: سپریم کورٹ نے این آر او کیس میں پرویزمشرف ، آصف زرداری ، ملک قیوم سے جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں ، عدالت نے این آر او سے مستفید ہونے والے دیگر افراد کے بیرون ملک بینک اکائونٹس کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں ۔ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بےنظیربھٹو شہید ہوچکی ہیں ان کی ذات کوکسی تنازع میں نہیں لانا چاہتے۔
چیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں بنچ نے این آر او سے متعلق کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پاناما کیس میں بینظیربھٹو کا نام بھی شامل تھا، بینظیربھٹو کی جائیداد آصف زرداری یا بلاول کومنتقل ہوئی۔
عدالت سے استدعا ہے کہ اسکی بھی تفصیلات منگوائی جائیں ، چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بینظیربھٹوکی بے حرمتی نہیں کرسکتا۔
فاروق نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری اوربلاول نے ترکے میں ملنے والی جائیداد کو ظاہرکیا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ فریقین نے جواب جمع کرائے ہیں ، جائیداد کی تفصیلات نہیں دی ، جائیداد کی تفصیلات بھی عدالت میں جمع کرائیں ، ہم چاہتے ہیں کہ آپ سرخرو ہوں۔
عدالت نے این آراو کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔