شریف خاندان کی سزا کیخلاف درخواست، بینچ کے سربراہ نے معذرت کرلی

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کرنے سے فل بنچ کے سربراہ جسٹس شمس محمود مرزا نے معذرت کرلی۔ جس کے باعث بنچ ٹوٹ گیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم اور کیپٹن صفدر کی سزا کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس شمس محمود مرزا نے یہ معاملہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجواتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر کیس کی سماعت نہیں کرسکتے۔
جس کے بعد لاہورہائی کورٹ کا تین رکنی بینچ ابتدائی سماعت کے بعد ٹوٹ گیا، بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس مجاہد مستقیم شامل ہیں۔
جسٹس شمس محمود مرزا کے انکار کے بعد نیا بینچ تشکیل دینے کے لئے درخواست چیف جسٹس ہائی کورٹ کو بھجوادی گئی ہے۔
واضح رہے کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا کے خلاف درخواست گزار ایڈووکیٹ اے کے ڈوگر کی جانب سے دائر کی گئی۔
درخواست گزار اے کے ڈوگر نے موقف اختیار کیا تھا کہ 3 بار وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہنے والے نواز شریف کو نیب کے قانون کے تحت سزا دی گئی، جو کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد ختم ہوچکا ہے۔ درخواست میں استدعا کی کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو مردہ قانون کے تحت سزا غیر قانونی ہے، لہذا اسے کالعدم قرار دیا جائے۔