کرپشن اسکینڈل میں سابق ملائیشین وزیراعظم نجیب رزاق پرمزیدفرد جرم عائد

کوالالمپور: ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے خلاف کرپشن اسکینڈل میں مزید 3 نئی فرد جرم عائد کردی گئی ہیں۔

سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو ملائیشیا کے اینٹی کرپشن کمیشن نے 3 جولائی کو کوالالمپورمیں واقع ان کی ذاتی رہائشگاہ پر چھاپہ مار کر مالی بدعنوانی کے الزام میں گرفتارکیا تھا۔

ملائشین میڈیا کے مطابق نجیب رزاق کے خلاف کرپشن اسکینڈل کیس کی سماعت کوالالمپورکی عدالت میں ہوئی ۔

سماعت کے دوران عدالت نے سابق وزیراعظم پر3 نئے منی لانڈرنگ ے الزامات عائد کردیئے، الزامات ثابت ہونے پر ہرایک الزام پرانہیں 15 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کرپشن اسکینڈل کیس میں ان پر4 الزامات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی تھی تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔

نجیب رزاق پر اپنے دور حکومت میں سرکاری فنڈ سے 10.3 ملین ڈالر کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقلی اورطاقت کے غلط استعمال سمیت 4 الزامات عائد کیے گئے تھے۔ گزشتہ الزامات ثابت ہونے پرانھیں 20،20 سال کی قید ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس مئی میں ہونے والے ملائشیا کے عام انتخابات میں سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو تاریخی کامیابی حاصل ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے ملک کے نئے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

حلف اٹھانے کے بعد مہاتیر محمد نے اعلان کیا تھا کہ وہ ملک سے لوٹے گئے ملین ڈالرز کو واپس لائیں گے۔