احتساب عدالت کا نواز شریف کو پیر کو پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد: احتساب عدالت نے العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ایویسٹمنٹ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کو بھی طلب کرلیا ہے۔
احتساب عدالت اسلام آباد جج ارشد ملک نے ریفرنسز کی سماعت کی۔ عدالت نے پیر کو نواز شریف کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے واجد ضیا کو بھی طلب کرلیا ہے۔
سماعت کے آغاز پر جج ارشد ملک نے استفسار کیا کہ پہلی عدالت میں العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس پر کارروائی کہاں تک پہنچی تھی؟
نیب پراسکیوٹر سردار مظفر نے بتایا کہ ان دونوں ریفرنسز میں کُل تین ملزمان ہیں جن میں سے نواز شریف کے خلاف کارروائی چل رہی ہے جبکہ ان کے بیٹے حسن اور حسین نواز اشتہاری ہیں۔ ریفرنس نمبر 19 میں واجد ضیا کے بعد صرف ایک گواہ کا بیان قلمبند ہونا باقی ہے۔ جج ارشد ملک نے قرار دیا کہ ملزمان کے وکلا آ جائیں پھر کیس کی سماعت کرتے ہیں۔ عدالت نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت پیر تک ملتوی کردی۔