لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں چاند روز قبل برکی روڈ پر پھلرواں گاؤں میں 5 افراد کے قتل میں ملوث 5 ملزمان نےگرفتاری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق 7 اگست کو لاہور کے قریب سرحدی گاؤں پھلرواں گاؤں میں لاٹھی گروپ اور شاطر گروپ کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد قتل ہوگئے تھے۔ ملزمان کی جانب سے مقتولین کے گھروں کو آگ بھی لگادی گئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق مقدمے میں نامزد پانچوں ملزمان نے پولیس کو گرفتاری دے دی ہے جن میں مرکزی ملزم افتخار بھی شامل ہے جس نے عدالت سے عبوری ضانت کرا رکھی تھی۔
پولیس کےمطابق ملزمان نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے دفتر میں گرفتاری دی اور گرفتاری دینے والوں میں افتخار، وقار، ذوالفقار، اشرف اور قدیر شامل ہیں جبکہ مقدمے میں نامزد 4 نامعلوم ملزمان تاحال فرار ہیں جن کی گرفتاری کے لئے کارروائی کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن خرم علی کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزمان کے بیرون ملک فرار ہونے کے خدشے کے پیش نظر ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو ملزمان کے نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش بھجوائی گئی تھی۔