ڈانس پارٹی کے دوران فلیٹ سے گر کر لڑکی کی ہلاکت کا مقدمہ درج

 

اسلام آباد:اسلام آباد کے علاقے سیکٹر ای الیون کے قریب واقع فلیٹ کی تیسری منزل سے گر کر ہلاک ہونے والی لڑکی کے قتل کا مقدمہ درج کرکے 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں حسین، ولید، فیصل اور حنا شامل ہیں۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ 12 اگست کی رات فلیٹ میں ڈانس پارٹی تھی، رات 3 سے صبح 6 بجے کے دوران ڈانس پارٹی جاری رہی، پارٹی میں شریک افراد نے آئس اورشراب کا نشہ کیا ہوا تھا اور اسی پارٹی کے دوران لڑکی تیسری منزل سےگری۔
پولیس کے مطابق لڑکی کو اس کے دوستوں نے پمز اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ لڑکی کے ورثاء نے پوسٹ مارٹم کروانے سے انکار کیا لیکن پولیس نے لڑکی کا پوسٹ مارٹم کروایا۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقتولہ کے ورثاء نے لڑکی حنا پر قتل کا شبہ ظاہر کیا، حنا نامی رقاصہ کو فلیٹ میں پارٹی کے لیے مدعو کیا گیا تھا اور مقتولہ کچھ عرصہ سے ملزمہ حنا کے ساتھ ای الیون میں ہی رہائش پزیر تھی۔
واقعہ کا مقدمہ تھانہ گولڑہ میں درج کر لیا گیا ہے اور ملزمہ حنا کو ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔