لاہور:سابق چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہاہے کہ وہ ٹی وی پر واپس آرہے ہیں اور ناظرین جلد ان کا پروگرام دیکھ سکیں گے ۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہاہے کہ میں نے 2وجوہات کی بناپر استعفیٰ دیاہے ۔ وزیر اعظم عمران خان اس وقت بورڈ کے چیف پیٹرن اور جب نیا چیف پیٹرن آئے تو اس کو اپنی ٹیم لیکر آنی چاہئے ۔اس لئے میں نے سوچا کہ ایک نیا پرائم منسٹر آیا ہے اور وہ بھی ایک کرکٹ لیجنڈ ہے اس لئے اس کو اپنی ٹیم لیکر آنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا میں متفقہ طور پر منتخب ہوا تھا اورمیری مدت ابھی 2سال رہتی تھی ۔
اس لئے روایت بنانی چاہئے کہ نیا وزیر اعظم آئے تو وہی چیئر مین پی سی بی کا انتخاب کرے ۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا کے اندر باتیں شروع ہوگئیں تھیں ۔ اس لئے میں نے سوچا کہ اگر غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی تو پی ایس ایل اڑ جائے گا اور میں نے پی ایس ایل کی بہتری کے لئے استعفیٰ دیا ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت بڑا چیلنج پی ایس ایل کو پاکستان واپس لاناہے ۔ ہم نے اگلے3ماہ میں پی ایس ایل کے 10ملین ڈالر کے اثاثے بیچنے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ میں ٹی وی پر واپس آؤں گا اورمیر ا پروگرام بہت جلد دیکھنے کو ملے گا ۔