ایفیڈرین کیس میں سزا یافتہ حنیف عباسی کی انجیوپلاسٹی مکمل

راولپنڈی:ترجمان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مطابق ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سزا پانے والے حنیف عباسی کی انجیو پلاسٹی مکمل کرلی گئی ہے۔
ترجمان آر آئی سی عمر قریش کا کہنا ہےکہ حنیف عباسی کو کچھ عرصہ آرام کا کہا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق حنیف عباسی کے دل کے 2 والو میں بلاکیج تھی جب کہ دل کا دوسرا والو 40 فیصد بلاک ہے۔
حنیف عباسی کی اینجوپلاسٹی کے دوران 1 اسٹنٹ بھی ڈال دیا گیا ہے اور دل کی بند ایک شریان کھول دی گئی ہے ۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ حنیف عباسی کی صحت بتدریج بہتر ہوگی۔ حنیف عباسی کو لیب سے وی آئی پی وارڈ منتقل کردیا گیا ہے جب کہ وی آئی پی وارڈ کو انتظامیہ نے سب جیل قرار دے کر سیکورٹی عملہ تعینات کردیا ہے۔
گزشتہ روز حنیف عباسی کی طبیعت بگڑ گئی تھی اور انہیں دل کی شدید تکلیف کا سامنا تھا۔ اڈیالہ جیل حکام کے مطابق حنیف عباسی کو دل کی تکلیف ہوئی اور انہیں فوری طور پر راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا، حنیف عباسی جیل جانے سے قبل دل کے مرض میں مبتلا تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت کے جج سردار محمد اکرم خان نے ایفی ڈرین کوٹا کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا دی تھی جب کہ دیگر 7 ملزمان کو شک کی بنا پر بری کردیا گیا تھا۔