پاکستان نے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا بیان مسترد کردیا

اسلام آباد: دفترخارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو سے متعلق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے جاری بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی قرار دے دیا  ۔تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان پاکستان میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی،امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیا گیا بیان حقائق کے برعکس ہے، اس کی فی الفور تصحیح کی جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان ہیتھر نویرٹ نے میڈیا کو جاری کئے جانے والے بیان میں کہا تھا کہ مائیک پومپیو نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے پاکستان میں سرگرم تمام دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی جانب سے فیصلہ کن کارروائی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔