کراچی: صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں صدارتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کے فارم رجسٹرار آفس سے وصول کیے جاسکتے ہیں۔
رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کے مطابق کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 اگست ہے۔
حیدرآباد کے رہائشی غیور محمد نے صدارتی الیکشن کے لیے رجسٹرار آفس سے فارم حاصل کیا ہے۔
صدارتی الیکشن کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 4 ستمبر کو طلب کیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن گزشتہ روز جاری کیا گیا۔
صدر مملکت ممنون حسین آئندہ ماہ اپنے منصب سے سبکدوش ہورہے ہیں جس کے باعث نئے صدر کے انتخاب کے لیے 4 ستمبر کو پولنگ ہوگی۔
واضح رہے کہ وفاق کی حکمران جماعت تحریک انصاف نے ڈاکٹر عارف علوی کو صدر کے لیے امیدوار نامزد کردیا ہے جب کہ پیپلزپارٹی نے اعتزازاحسن کو امیدوار نامزد کیا ہے تاہم مسلم لیگ (ن) نے ان کے نام پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔