اسلام آباد:صدارتی انتخاب کیلئے تحریک انصاف نے ڈاکٹر عارف علوی کو نامزد کیا جبکہ اپوزیشن اتحاد مشترکہ صدارتی امیدوار لانے میں ناکام رہا۔ دوسری جانب صدارتی الیکشن کیلئے تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی، پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمان نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔
تفصیلات کے مطابق مشترکہ صدارتی امیدوار پر اپوزیشن میں اختلافات برقرار ہیں اور کسی نام پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا جس کے بعد پیپلزپارٹی کے سوا تمام اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو صدارتی امیدوار نامزد کردیا ہے جب کہ پی پی اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئی ۔
پیپلز پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار اعتزاز احسن نے اپنےکاغذات نامزدگی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادیے، اعتزاز احسن کی جانب سے خورشید شاہ تجویز کنندہ اور شیری رحمان تائید کنندہ ہیں۔ادھر مولانا فضل الرحمان نے اپنے وکیل کامران مرتضیٰ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے، اس موقع پر اپوزیشن اتحاد کے راجا ظفرالحق، احسن اقبال، عبدالغفور حیدری اور دیگر رہنما بھی اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے۔مولانا فضل الرحمان کے وکیل کے مطابق ان کی جانب سے اتھارٹی لیٹر عدالت میں جمع کرایا گیا جب کہ امیر مقام، مولانا فضل الرحمان کے کورنگ امیدوار ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں عارف علوی نے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کے لیے 4 فارمز جمع کرائے، شبلی فراز، صداقت عباسی، فرخ حبیب اور انوار الحق کاکڑ تائید کنندگان میں شامل ہیں جب کہ ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری، ملکہ علی بخاری اور عامر ڈوگر کے فارم بھی جمع کرائے گئے۔صدر کے عہدے کے لیے پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان اور دیگر نے سندھ ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عارف علوی کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
واضح رہے کہ ملک کے 13ویں صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ 4 ستمبر کو ہوگی اور سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل الیکٹورل کالج صدر مملکت کا انتخاب کرے گا۔